لاہور (جیوڈیسک) تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایونٹ میں محمد عامر کو کھلے دل سے ٹیم میں خوش آمدید کہا جائے گا جو پانچ سال کے طویل عرصے کے بعد قومی ٹیم کیلئے بھی کھیل رہے ہیں اور ان کی واپسی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
اگرچہ قومی ٹیم میں شمولیت سے قبل قومی کیمپ میں پاکستان کے دو سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے محمد عامر کی مخالفت کی گئی لیکن کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا دعویٰ ہے کہ ان کی ٹیم میں محمد عامر کو ایسا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کیلئے پلیئرز ڈرافٹ سے قبل دیگر فرنچائز مالکان کی بھی یہی کوشش تھی کہ وہ محمد عامر کی خدمات حاصل کریں لیکن انہوں نے ٹیم کے کپتان سے مشورے کے بعد فاسٹ بالر کیلئے کامیاب بولی دی۔
واضح رہے کہ کپتان شعیب ملک بھی اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ 23 سالہ فاسٹ باؤلر کو کراچی کنگز کے کھلاڑیوں نے قبول کر لیا ہے اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی لانچنگ تقریب میں ان کا جس انداز سے استقبال کیا گیا وہ بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کیلئے آنے والے عرصے میں کوئی مشکل کھڑی نہیں ہو گی۔
سلمان اقبال کے مطابق انہوں نے کپتان کو اس بات کی ہدایت کر دی ہے کہ انہیں ٹیم میں ایسے کھلاڑیوں کی قطعی ضرورت نہیں جو محمد عامر کی مخالفت کرتے ہوئے کوئی مسئلہ کھڑا کرنے کی کوشش کریں اور ویسے بھی ٹیم کیلئے منتخب ہونے والے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے اس کا امکان نہیں ہے۔