لاہور (جیوڈیسک) برطانیہ نے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو ویزہ جاری کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے ویزہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد عامر کا پاسپورٹ ملنے کا انتظار ہے۔
محمد عامر کی قومی سترہ رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں سلیکشن اور نمائندگی ویزہ سے مشروط تھی۔ ویزہ ملنے کے بعد لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر تقریبا چھ سال بعد لارڈز کے میدان اور ٹیسٹ کرکٹ میں اِن ایکشن ہونگے۔ واضح رہے کہ برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ روز فکسنگ سزا یافتہ کرکٹر محمد عامر کو ویزہ کی منظوری دے دی تھی۔
سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر نے گزشتہ ماہ مئی میں برطانوی ویزے کی درخواست دی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کا پاسپورٹ دیگر کھلاڑیوں کےساتھ ویزے کے لیے نہیں بھیجا تھا۔ محمد عامر کو برطانوی ویزے کے حصول کیلئے ایک علیحدہ فارم بھرنا پڑا جس میں انہیں عدالت کی جانب سے سزا کے بارے میں سوالات کے جوابات دینے تھے۔
یاد رہے کہ محمد عامر کو اپنے دیگر دو ساتھی کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف کے ساتھ سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی پاداش میں نہ صرف آئی سی سی کی طرف سے پانچ سالہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا بلکہ لندن کی عدالت نے بھی انہیں چھ ماہ قید کی سزا بھی سنائی تھی۔
محمد عامر پابندی مکمل ہونے کے بعد دوبارہ پاکستانی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں اور نیوزی لینڈ بنگلا دیش اور بھارت جا چکے ہیں۔