لاہور (جیوڈیسک) محمد عامر کے ویزا مسائل حل ہو گئے، پیسر ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں جمعرات کو ایسیکس کی جانب سے ایکشن میں نظر آنے کیلیے تیار ہیں۔
ورلڈکپ کے بعد انگلینڈ میں ہی رک جانے والے محمد عامر ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں ایسیکس کی نمائندگی کے خواہاں تھے،ان کا معاہدہ پورے ایونٹ کیلیے تھا، ٹیم کی جانب سے ان کا زبردست استقبال بھی کیا گیا لیکن بعد ازاں اندازہ ہوا کہ پیسر اور کاؤنٹی ٹیم دونوں ویزے کے معاملے میں غفلت کا مظاہرہ کرگئے ہیں۔
میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کیلیے حاصل کیے جانے والے ویزے پر وہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں شریک نہیں ہوسکتے تھے،انھوں نے انگلینڈ کی وزارت داخلہ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست بھی دیدی لیکن کارروائی میں وقت لگ گیا،ایسیکس نے اپنے اہم بولر کے بغیر ہی 3 میچز میں حصہ لیا ،اب گذشتہ روز محمد عامر کو ورک ویزا مل گیا اور وہ جمعرات کو ہمپشائر کیخلاف میچ میں ایسیکس کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
پیسر نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر چیمسفورڈ میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا’’ کام پر واپسی‘‘۔