قصور (محمد عمران سلفی سے) پھول نگر میں واپڈا کے خلاف شکایات کے انبار لگ گئے، وفاقی محتسب اعلی کے کنسلٹنٹ محمد اشرف خان نے واپڈا کے خلاف دی گئی 37درخواستوں کا فیصلہ سنادیا، عوامی شکایات کا ازالہ ان کی دہلیز پر کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب اعلی کے کنسلٹنٹ محمد اشرف خان نے ریسٹ ہائوس پھول نگر ضلع قصور کے لوگوں کی شکایات واپڈا ریسٹ ہائوس میں سنی گئی اس موقع پر واپڈا ودیگر محکموں کے خلاف دی گئی 38 درخواستیں سنی گئی ، اور 37 درخواستوں کا فیصلہ سناتے ہوئے متعلقہ افراد کو شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات جاری کئے، اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب اعلی کا ادارہ 1983 میں قائم کیا گیا اس وقت سے لیکر آج تک خاموشی سے عوام الناس کے مسائل مفت حل کر رہا ہے، 2015 میں وفاقی محتسب جناب سلمان فاروقی کی انتھک کوششو ں سے پورے ملک میں 2 لاکھ افراد کی شکایات کا مفت ازالہ کیا گیا۔
لوگوں کے اعتماد کو مد نظر رکھتے ہوئے اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی اداروں کے خلاف لوگوں کی شکایات ان کے دروازے پر حل کی جائیں، اس کام کو سر انجام دینے کیلئے انہوں نے چاروں صوبوں کے پانچ اضلاح میں اور وفاقی دارلحکومت میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کئے ہیں جس کے تحت ضلع قصور میں پہلی تاریخ 9/1/2016 کوڈی او سی آفس میں لوگوں کی شکایات سنی گئی، اور اس موقع پر ان کے مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔
اسی سلسلہ کے تحت آج مورخہ 20/1/2016 کو پھول نگر ضلع قصور کے لوگوں کی شکایات واپڈا ریسٹ ہائوس میں سنی گئی، اور کنسلٹ محمد اشرف خان نے موقع پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے، اور لوگوں سے اپیل کی کہ اپنے مسائل کے حل کیلئے ریجنل آفس لاہور میں جا کر یا ای میل کے ذریعے اپنی شکایات درج کروائیں ان کو ان کی تاریخ اور جگہ کے متعلق بذریعہ ڈاک اور ٹیلی فون کے ذریعہ اطلاع کر دی جائے گی۔