لاہور (جیوڈیسک) بچوں کو بار بار سزا دینے سے قومی کرکٹ ٹیم پر برا اثر پڑے گا، لاہور ہائیکورٹ نے محمد آصف، محمد عامر اور سلمان بٹ کے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
مصیبتوں میں گھرے کرکٹر محمد آصف ، محمد عامر اور سلمان بٹ کے لیے اس وقت ایک نئی مشکل کھڑی ہوگئی جب لاہور ہائیکورٹ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں سزا پانے والے تینوں کرکٹرز کے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ تینوں کرکٹرز نے کرپشن کا اعتراف کیا ہے اور سزا بھی بھگت چکے ہیں۔ ان کے غیر قانونی طور پر بنائے جانے والے تمام اثاثے ضبط کر کے کیس نیب کو بھجوایا جائے تاہم عدالتی فیصلے سے مشکلات کا شکار کھلاڑیوں نے سکون کا سانس لیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ تینوں کرکٹرز کو سزا مل چکی ہے ، اب انہیں معاف کر دیں۔ یہ بچے ہیں انہیں بار بار سزا دینے سے قومی ٹیم پر اثر پڑے گا ، عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔