سعودی عرب (جیوڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی خلیج اومان میں دو آئل ٹینکروں پر حملوں کا الزام ایران پر لگا دیا۔
اپنے بیان میں محمد بن سلمان نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن خطے کے اہم مفادات کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں ہچکچائیں گے نہیں۔
انہوں ںے کہا کہ ایران نے جاپانی وزیراعظم کی تہران آمد کا بھی احترام نہ کیا اور اُن کی سفارتی کوششوں کا جواب دو آئل ٹینکروں پرحملوں کی صورت میں دیا،جن میں سے ایک جاپانی تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اومان کے قریب سمندر میں دو آئل ٹینکروں پر حملہ کیا گیا تھا تاہم ٹینکروں میں موجود عملہ محفوظ رہا۔
جاپانی وزارت تجارت کے مطابق آبنائے ہرمز میں حملے کا نشانہ بننے والے آئل ٹینکروں میں جاپان کا تیل موجود تھا،آئل ٹینکروں پر حملے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔
دو میں سے ایک آئل ٹینکر ناروے کا تھا جبکہ دونوں میں جاپان کا کارگو موجود تھا، حملے کی وجہ سے ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی تھی جبکہ دوسرے کو جزوی نقصان پہنچا۔
اس حملے کا ذمہ دار امریکا نے بھی ایران کو ٹھہرایا تھا تاہم ایران ان الزامات سے انکار کرتا ہے۔