لاہور : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے ملک میں معاشی استحکام کو مزید فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے ضلعی کوارڈینٹر پیر محمد راشد نقشبندی نے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے اہم تنظیمی اجلاس کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ قدم بہ قدم برادر اسلامی ملک ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے۔
تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے ممبر مجلس شوریٰ پیر سید احمد ندیم شاہ نے کہاکہ تنظیم مشائخ عظام پاکستان ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتی ہے اور ان کی آمد سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ پیر سید عدنان اکرم نقشبند ی نے اس دورہ سے تمام اسلامی ممالک اور پاکستان کے حالات میں مثبت تبدیلی آئیگی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی ایک فقیدالمثال مقام کی حامل ہے اور دونوں ممالک کے عوام دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
پیر محمد افتخار نقشبندی کا کہنا تھاکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد پوری پاکستانی قوم انہیں خوش آمدید کہتی ہے اس میں کچھ شک نہیں کہ یہ دورہ وطن عزیز پاکستان کے معاشی استحکام اور پاک سعودی تعلقات کو بہتری کی طرف پروان چڑھانے میں ایک سنگ میل کی حیثیت کا حامل ہے اور انشاء اللہ اس دورہ سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں ہموار ہونگی ۔اجلاس سے پیر محمد الیاس قادری ، پیر محمد عاصم نقشبندی ، پیر محمد امجد اقبال نقشبندی ، پیر محمد رمضان نقشبندی ، انچارج میڈیا سیل مرزا احسان نقشبندی سمیت دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے خطے کے حالات پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے ۔تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے اہم اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی۔