اہم سیاسی شخصیت اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری محمد شریف گجر شیخوپورہ میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ان کی نمازہ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔وسطی پنجاب ایک قد آور سیاسی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ نواز کے رہنما چوہدری محمد شریف گجر بدھ کی رات تقریبا ساڑھے آٹھ بجے لاہور سے سمندری جا رہے تھ۔
شیخوپورہ میں کوٹ رنجیت کے قریب ان کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ان کی پراڈو گاڑی آگے جانے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں چوہدری محمد شریف گجر اور ان کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ چوہدری محمد شریف کی نمازہ جنازہ آج رات آٹھ بجے ادا کی جائے گی جس میں اہم سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ان کے رشتے دار قریبی ساتھی شیخوپورہ پہنچ گئے۔
گاڑی میں سوار زخمی ہونے والے دیگر دو افراد ڈی ایچ کیو اسپتال شیخوپورہ میں زیر علاج ہیں۔ چوہدری محمد شریف کے انتقال پر سیاسی اور مذہبی رہنماں نے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسطی پنجاب ایک مدبر سیاسی شخصیات سے محروم ہو گیا ہے۔ مرحوم چوہدری محمد شریف کا شمار نواز لیگ کے صدر میاں نواز شریف اور سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔
وہ این اے 79 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھی تھے۔ وہ کراچی میں ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ انٹیلی جنس بیورو میں بھی انہوں نے خدمات انجام دیں۔