کراچی (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان محمد حفیظ آل راؤنڈر کا اسٹیٹس واپس پانے کیلیے بے چین ہیں، انھوں نے کہاکہ بیٹسمین کی حیثیت سے کارکردگی سب کے سامنے ہے،البتہ بولنگ کرنا میرا شوق ہے، خود کو بیٹسمین تصور کرتا تاہم بطور بولربھی ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ آسٹریلوی شہر برسبین کی لیب میں بولنگ ایکشن کا بائیومکینک ٹیسٹ دے دیا، اس حوالے سے رپورٹ 2ہفتوں میں پی سی بی کو موصول ہوجائے گی، میںکلیئرنس پانے کیلیے پُرامید ہوں، انھوں نے کہا کہ بیٹسمین کی حیثیت سے میری سابقہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میرا پلس پوائنٹ ہے، جس سے قومی ٹیم کے کمبی نیشن کو بہتر بنانے میں مدد ملی، بطور بولر آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرنے کی خواہش ہے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے مزید کھیل سکتا ہوں تاہم حالیہ دورئہ نیوزی لینڈ سے قبل فٹنس اچھی نہیں تھی اس لیے از خود سلیکٹرز کو آگاہ کر دیا تھا، واضح رہے کہ 50ٹیسٹ، 177 ون ڈے اور 77ٹوئنٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ کو بازو کا خم 15ڈگری کی قانونی حد سے متجاوز رپورٹ کیے جانے پر جولائی 2015 میں 12ماہ کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ سے روک دیا گیا تھا۔