شارجہ (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ زخمی ہونے کے باعث 5 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کے دوران آل راؤنڈر محمد حفیظ کو بائیں ہاتھ پر چوٹ لگنے کے باعث 5 ٹانکے لگے ہیں اور قومی ٹیم کے فزیو نے آل راؤنڈر کو 2 ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث محمد حفیظ آسٹریلیا کے خلاف 5 اکتوبر سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ محمد حفیظ کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ آل راؤنڈر کو ٹور پر ٹیم کے ساتھ رکھنے کے بجائے وطن واپس بھیج دیا جائے۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ ناصرف پاکستان کی جانب سے اوپر کے نمبرز پر بیٹنگ کرتے ہیں بلکہ انہیں ٹی ٹوئنٹی ماہر بولربھی مانا جاتا ہے، اس طرح محمد حفیظ کے باہر ہونے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف اہم سیریز میں قومی ٹیم جادوگر اسپنر سعید اجمل اور محمد حفیظ کے بغیر ہی میدان میں اترے گی۔