ابوظہبی (جیوڈیسک) ابوظہبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی بائولرز سعید اجمل اور عمر گل کی عمدہ بائولنگ کی وجہ سے سری لنکا کی ٹیم پاکستان کو ایک بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 225 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستانی ٹیم کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا۔ پاکستان کو شرجیل خان کی وکٹ کا پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔
انھیں انیجلو میتھیوز نے 13 کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا۔ لیکن اس کے بعد احمد شہزاد اور نائب کپتان محمد حفیظ نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں بلے بازوں نے 84 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد شہزاد نے 44 بنائے تھے کہ انھیں لکمل نے کیچ آئوٹ کر دیا۔ نائب کپتان محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف اس سیریز میں تیسری سنچری بنائی بلکہ ایک روزہ کرکٹ میں 4 ہزار رنز بھی مکمل کئے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے 14 ویں پاکستانی بلے باز ہیں۔ محمد حفیظ نے 2013ء میں ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ پانچ سنچریاں بنائی ہیں۔ محمد حفیظ 113 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو جلد وکٹیں گر جانے سے غلط ثابت ہوا۔ آئی لینڈرز کی پہلی وکٹ 15، دوسری 22 اور تیسری وکٹ 36 کے مجموعے پر گری۔ عمر گل نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی درست ثابت کر دکھائی۔ عمر گل نے پہلے تینوں لنکن بلے بازوں کی امیدوں کے چراغ گل کیے۔ ڈیبیو ون ڈے کھیلنے والے پریان جان نے قدم جمائے۔ انہوں نے ذمہ دارانہ کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔
پریان 74 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ کمار سنگا کارا نے اپنی تجربہ کاری دکھاتے ہوئے نصف سنچری داغی۔ وہ 51 سکور بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ ان کے علاوہ سری لنکا کی جانب سے نمایاں بلے باز اے ڈی میتھیوز تھے جنہوں نے 38 رنز بنائے اور کوئی سری لنکن بلے باز پاکستانی شاہینوں کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔
پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 4، عمر گل نے 3 جبکہ جنید خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 226 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ پاکستان نے سیریز جیت لی ہے۔