لاہور (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز نے انجرڈ کپتان محمد حفیظ کی جگہ مشہور زمانہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ لیفٹ آرم بیٹسمین سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرلیا۔
اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ سلمان بٹ پابندی ختم ہونے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپس آئے اور اچھی کارکردگی دکھائی لیکن کسی بڑے ایونٹ میں شامل نہ ہوسکے۔
وہ گزشتہ 3 برسوں سے پی ایس یل کے ڈرافٹ میں شامل رہے لیکن منتخب نہ ہوسکے۔ اب لاہور قلندرز نے انہیں انجرڈ محمد حفیظ کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔
سلمان بٹ کی لاہور قلندرز میں شمولیت کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی کردی ہے جبکہ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کی انجری بڑا بقصان ہے لیکن سلمان بٹ ہی ان کا بہترین متبادل ہوسکتے تھے۔
فرنچائز منیجر ثمین رانا نے سلمان بٹ کو قلندرز میں ایک اچھا اضافہ قرار دیا ہے۔
محمد حفیظ کراچی کنگز کے خلاف پی ایس ایل کے پانچویں اور لاہور قلندرز کے دوسرے میچ میں انگوٹھے پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے تھے۔
لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کے مطابق محمد حفیظ کو انگوٹھے میں فریکچر ہے جس کے لیے سرجری درکار ہے اور انہیں مکمل طور پر بحال ہونے کے لیے 6 سے 8 ہفتے لگیں گے۔
محمد حفیظ کی غیر موجودگی میں اے بی ڈویلیئرز نے پشاور زلمی کے خلاف لاہور قلندرز کی قیادت کے فرائض انجام دیے تھے، دیگر میچز میں بھی ڈویلیئرز کا ہی کپتان برقرار رہنے کا امکان ہے۔