شارجہ (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ آج قومی ٹیم کو شارجہ میں جوائن کرلیں گے۔ دوسری جانب امکان ہے کہ تیسرے ٹیسٹ میں ڈینئیل ویٹوری نیوزی لینڈ کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔
آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوران رپورٹ ہوا تھا جس کی وجہ سے اُنہیں اکیس روز کے اندر بائیو میکنیکس ٹیسٹ کے ذریعے کلیئر ہونے کے لیے کہا گیا تھا۔محمد حفیظ نے آئی سی سی کی ہدایت پر پیر کو انگلینڈ کی لوبرو یونیورسٹی میں اپنا بائیو میکنیکس ٹیسٹ کرایا تھا جو تقریباًٍ دو گھنٹے جاری رہا۔
ٹیسٹ کی رپورٹ آئندہ دو ہفتوں کے دوران متوقع ہے۔ محمد حفیظ آج انگلینڈ سے پاکستانی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔ ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر وہ فٹ ہوئے تو انہیں تیسرے ٹیسٹ میں توفیق عمر کی جگہ فائنل الیون میں شامل کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب کیوی ٹیم میں سابق کپتان ڈینئیل ویٹوری کی شمولیت کا امکان ہے۔کیوی کوچ کا کہنا ہے کہ انکی ٹیم شارجہ ٹیسٹ میں تین اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔