محمد شہباز شریف کی ہدایت پر واقع دربار شاہ صادق نہنگ کے نام وقف ملکیتی رقبہ کے امور کاجائزہ لینے کے لئے سیکرٹری اوقاف پنجاب نے شورکوٹ کا دورہ کیا

جھنگ : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر واقع دربار شاہ صادق نہنگ کے نام وقف ملکیتی رقبہ کے امور کاجائزہ لینے کے لئے سیکرٹری اوقاف پنجاب نے شورکوٹ کا دورہ کیا اورانہوں نے اے سی آفس میں ڈویژنل، ضلعی، سب ڈویژن انتظامیہ، محکمہ اوقاف اور تنظیم مزارعین کے منعقدہ ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔

اس موقع پرڈویژنل کمشنر سردار محمد اکرم جاوید، رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ نذیر سلطان، ڈی سی او مقبول احمد دھاولہ، اراکین صوبائی اسمبلی مہر خالد محمود سرگانہ، چوہدری خالد غنی، اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ عمران قریشی، ڈویژنل ایڈمنسٹریٹر اوقاف فیصل آباد اقبال خان نیازی اور مینجر اوقاف شور کوٹ سرکل منیر احمد جام کے علاوہ تنظیم مزائرعین شاہ صادق نہنگ کے صدر محمد افضل ناصراور ممبران تنظیم حق نواز،اقبال حسین شاہ،فقیر سدا رضاعلی، فخر عباس وغیرہ موجود تھے۔ سیکرٹری اوقاف نے حکومتی موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز قابض مزارعین کو چاہیے کہ وہ اپنے ذمہ پٹہ کے بقایا جات فوری طور پر جمع کرائیں تاکہ آئندہ نیلامی میں انہیں حصہ لینے کی اجازت دی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ زمینوں کی مدت پٹہ حسب قواعد ہی رہے گی اور اگلی نیلامی میں صرف وہی مزارہ حصہ لے سکے گا جو محکمہ کے بقایا جات جمع کرا کر رسید دیکھائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیلامی میں ڈی سی او ریٹ کو مدنظر رکھا جائے گا جو مزارعہ بقایا جات کی ادائیگی میں کوتاہی کرے گااسے آئندہ نیلامی میںحصہ لینے کا حق نہیں ہوگا۔ مزارعین کے نمائندگان اور سیاسی عمائدین کو ان نادہندہ مزارعین کی مدد کرنے کی بجائے محکمہ اوقاف کا ساتھ دینا ہوگا۔ اس دوران تنظیم مزار عین نے کہا کہ
مزارعین کے ذمہ ریکارڈ کے مطابق جوبقایا جات ہیں وہ چھ اقساط میں تین سال کے دوران محکمہ اوقاف کو نقد پیمنٹ کرنے کی بجائے بذریعہ چالان بینک میں رقم جمع کرانے کو تیار ہیں اور آئندہ نیلامی میں فکس ریٹ مقرر کرکے صرف سابق مزارعین جو موقع پر رہائش پذیر ہیں کو ہی زمینیں پٹہ پردی جائیں اور پٹہ کی معیاد سات سال تک مقرر کی جائے۔

انہوں نے اپیل کی کہ موضع شاہ صادق نہنگ میں تقریباً بارہ مربع رقبہ جو پٹہ پر ہے اس میں سیم کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ناقابل کاشت ہے اس رقبہ کی کے پٹہ کی رقم متعلقہ مزائرعین کو معاف کی جائے۔ سیکرٹری اوقاف نے مزارعین کے نمائندوں پر واضح کیا کہ آج کے اجلاس میں جن باتوں پر اتفاق اور باہمی رضامندی کا اظہار کیا گیا ہے انہیں حتمی فیصلہ نہ سمجھا جائے بلکہ ان کے بارے ایک بریفنگ تیار کرکے اعلیٰ حکام کو بھجوائی جائے گی جس پر حتمی فیصلہ بذریعہ سمری وزیراعلیٰ پنجاب سے حاصل کیا جائے گا۔

ڈی سی او نے ناجائز قابض مزارعین کے نمائندوں سے کہا کہ جو بھی حکومت اور مزارعین کے درمیان معاہدہ طے پائے گا اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائیگااور جن افراد نے پٹہ پر زمینیں لے رکھی ہیں اور حکومت کی پائی پائی ادا کر رہے ہیں ان سے رقبہ خالی نہیں کرایا جائیگا۔اس موقع پرمینجر اوقاف شور کوٹ سرکل نے بتایا کہ 14 مواضعات میں شاہ صادق نہنگ کے نام پر وقف محکمہ اوقاف کا 6317 ایکٹر رقبہ پٹہ دار مزارعین کے پاس ہے اورمالی سال 2005-06 سے 2012-13 تک ناجائز قابض مزارعین کے ذمہ محکمہ اوقاف کے 13 کروڑ روپے کے واجبات بقایا ہیں۔