گوجرانوالہ (علامہ قیصر قادری) امیر جماعت رضائے مصطفی الحاج پیر ابوا داؤد محمد صادق قادری کی نماز جنازہ جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں ادا کردی گئی۔ سٹیڈیم کے اندر اور باہر تاحد نگاہ موجود غلامان رسول نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ جبکہ ملک بھر سے اہم دینی سیاسی وسماجی شخصیات کثیر تعداد میں شریک ہوئیں۔
مرحوم کے وصال پر مقتدر شخصیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دینی حلقوں میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے اور مرحوم کی وفات سے علمی حلقوں کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ عالمی تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر اور ممتاز دینی رہنماء حضرت پیر محمد افضل قادری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم علماء حق کی صف اول کے جلیل القدر عالم دین اور بے مثل مصلح تھے۔
آپ نے نصف صدی سے زیادہ ایمان افروز بیانات اور تحریروں کے ذریعے لوگوں کی رہنمائی کی۔ آپ کی دینی خدمات نہ صرف بے مثل ہیں بلکہ ایک زمانہ ان سے مستفید ہوا۔
آپ کا اعلیٰ کردار اور دینی خدمات تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔ مرحوم کا وصال اہلسنت کیلئے بہت بڑا صدمہ ہے۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور خاندان اور دنیا بھر میں موجود عقیدتمندوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔