ڈی سی او محمد شاہد کے زیر صدارت پولیو مہم کے سلسلہ میں اجلاس

Meeting

Meeting

قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر قصور محمد شاہد کے زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں مقررہ ٹارگٹ اور فیلڈ میں ٹیموں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مسعود طارق، پولیو انچارج ڈاکٹر محمد خالد، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالناصر گوہر ،ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر فاتح عظمت اللہ ، پولیو ٹیموں کے انچارجز اور دیگر نے شرکت کی۔

ڈی سی او نے اس موقع پر پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلاً جائزہ لیا اور موضع شمس آباد تحصیل قصور میں پولیو ٹیم کیساتھ بدتمیزی کرنے پر محمد اعجاز نامی شخص کیخلاف متعلقہ تھانہ مصطفی آباد کو فوری طور پر اس کیخلاف مقدمہ درج کر کے کاروائی کا حکم دیا ۔ ڈی سی او محمد شاہد نے کہا کہ ضلع بھر میں پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے اور اب تک 5لاکھ 81ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں جبکہ آج(بروز جمعرات) آخری روز فالو اپ ہوگا جس میں رہ جانیوالے بچوں کو قطرے پلائے جائینگے۔

انہوں نے ٹیموں کو خصوصی ہدایت کی کہ خانہ بدوشوں اور بھٹہ جات پر موجود بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں تا کہ ضلع میں کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیمیں پوری جانفشانی کیساتھ پولیو مہم میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں ۔پہلے کی طرح اس مرتبہ بھی بچوں کو قطرے پلانے کا 100فیصد ٹارگٹ کا حصول ہر صورت یقینی بنایا جائیگا ۔ ضلع بھر میں تمام لاری اڈوں ،اہم شاہرائوں اور دیگر عوامی مقامات پر پولیو کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی ٹیمیں بھرپور طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

ڈی سی او نے کہا کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر بھی پولیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو شہر میں آنے اور جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہیں ۔ڈی سی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی انگلیوں کو چیک کریں اگر بچوں کو پولیو قطرے نہیں پلائے گئے تو فون نمبر 094-9250103پراطلاع دیں تا کہ ٹیم بھیج کر انکے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔