سکھر (جیوڈیسک) محمد یوسف نے پاکستان کی ورلڈ کپ تیاریوں پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس نے دورہ یو اے ای میں سازگار کنڈیشنز میں بھی اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، میگا ایونٹ سے قبل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں پریکٹس اور وارم اپ میچز اہم ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل اہم سیریز میں پاکستان نے اچھا کھیل پیش نہیں کیا، اپنے لئے انتہائی سازگار کنڈیشنز میں بھی نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ اور ٹی20 سیریز ڈرا ہونے کے بعد ون ڈے میں شکست لمحہ فکریہ ہے، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں پچز آسان نہیں ہونگی۔
وہاں قبل از وقت پریکٹس اور وارم اپ میچز سے ہی تیاری کا اچھا موقع مل سکتا ہے، سابق کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں کسی کو بھی فیورٹ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
پاکستان اپنے گروپ میں کوارٹر فائنل میں جا سکتا ہے، اس کے بعد مزید سخت کرکٹ کا آغاز ہوگا، انھوں نے کہا کہ ٹی20 مار دھاڑ کا کھیل ہے جس سے کرکٹ کو نقصان پہنچ رہا ہے، زیادہ قصور عوام کا ہے جنہیں صرف چھکے اور چوکے لگانے والے ہی پسند ہیں۔