اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وہ آئندہ چند دنوں میں گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے محمد زبیر کو گورنر سندھ مقرر کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔ وزیراعظم نے زبیر عمر کو گورنر مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔
خیال رہے کہ سابق گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد بہت سی شخصیات کو نیا گورنر سندھ بنانے کے بارے میں چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں تاہم یہ قرعہ محمد زبیر کے نام نکل آیا ہے۔
نامزد گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنے کا بہت شوق تھا لیکن حکومت میں آنے کا خواب بھی نہیں دیکھا تھا اور کبھی یہ بھی نہیں سوچا تھا گورنر سندھ بنوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا فنانشل حب ہے۔ کراچی کے حالات خراب ہونے کی وجہ سے ترقی کی رفتار کم ہوئی۔ گزشتہ ڈھائی سال سے کراچی کے حالات بہتر ہوئے ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دانیال عزیز اپنا رول ادا کر رہے ہیں، ضروری نہیں وزیر بن کر ہی کریں۔