کراچی (جیوڈیسک) محمد زبیر آج گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ، محمد زبیر نے چند گھنٹوں میں تیار شیروانی پہن کر دیکھی ، اہلیہ کہتی ہیں شادی کے بعد اب شیروانی پہننے والے ان کے شوہر خوب جچ رہے ہیں۔
گورنری کا تاج تو تیار ہے لیکن پوشاک بھی بنوانی تھی ۔ ایسے میں درزی نے پھرتی دکھائی چند گھنٹوں میں شیروانی بن گئی۔
نئے نامزد گورنر نے کبھی آئینے میں سراپا دیکھا تو کرسی پر براجمان ہوکر جائزہ لیا ۔ دمکتے چہرے کے ساتھ نامزد گورنر سندھ محمد زبیر نے نئی شیروانی کو ہر طرح سے چیک کیا ۔ اپنا اطمینان تو ہوگیا لیکن گھر کی وزیراعظم کی رائے سب سے اہم تھی۔
شادی کے بعد پہلی بار جو شیروانی پہنی تھی اہلیہ بھی شوہر کو دیکھ کر صدقے واری ہوتی رہیں ۔ نئی شیروانی میں ملبوس نامزد گورنر سندھ نے اس راز سے بھی پردہ اٹھا دیا کہ سب سے زیادہ کس کی سنتے ہیں۔ ہنگامی بنیادوں پر اسلام آباد سے آنے والے ڈیزائنر بھی گورنر کی شیروانی تیار کرنے کا اعزاز ملنے پرخوش تھے۔
دادا کی شیروانی تو اہم تھی ہی پوتے کی تیاری بھی کم نہیں جنہوں نے تقریب حلف برداری میں شریک ہونے کے لیے خصوصی طور پر لباس منتخب کیا ۔ نامزد گورنر سندھ کے اہلخانہ کو امید ہے کہ وہ محمد زبیر سونپی گئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دیں گے۔