اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کے حملے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی خام خیالی ہے کہ وہ پاکستانی قوم کا عزم متزلزل کر سکتے ہیں۔
ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کی بقا کی ضامن ہیں، دہشت گردوں کی خام خیالی ہے کہ وہ پاکستانیوں کا عزم متزلزل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جان کی قربانی دینے والے جوان قوم کے اصل ہیرو ہیں، پاک فوج کے چوکس جوانوں کی وجہ سے پاکستان مضبوط سے مضبوط تر ہو گا، آپریشن رد الفساد ہر دہشت گرد کے خلاف ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں، دہشت گردوں اور ان کے نظریات کو پھیلانے والوں کو ختم کر دیں گے، ردالفساد ملک اور بیرون ملک متحرک دہشت گردوں کے خلاف ہے۔