غلہ نئی (جیوڈیسک) قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں تعلیم دشمن دہشت گردوں نے سرکاری اسکول کی عمارت تباہ کر دی۔
ہفتہ کی علی الصبح مہمند ایجنسی کے علاقے میں تعلیم دشمن عناصر نے سرکاری اسکول کو اپنی کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیا، جس کے بعد اسکول کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جس کے بعد مہمند ایجنسی کے علاقے میں تباہ کیے جانے والے اسکولوں کی تعداد 126 تک جا پہنچی ہے۔
واضح رہے کہ مہمند ایجنسی میں گزشتہ کئی برس سے اسکولوں کو تباہ کئے جانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں جن میں اکثریت لڑکیوں کے اسکولوں اور پرائمری سطح کے اسکولوں کی ہوتی ہے۔
تعلیم دشمن عناصر کی جانب سے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں اب تک درجنوں اسکول تباہ کئے جاچکے ہیں جس کے باعث علاقے میں رہنے والے اکثر بچوں کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔