مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی عید ملن والی بال ٹورنامنٹ فائنل عیسیٰ خیل کلب نے جیت لیا۔ عید کے روز سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں دس ٹیموں نے حصہ لیا، مقابلے تین روز جاری رہے۔ سپورٹس منیجر نے انعامات تقسیم کئے۔ تفصیلات کے مطابق سپورٹس ڈیپارٹمنٹ مہمند ایجنسی اور ڈائریکٹریٹ سپورٹس فاٹا کے تعاون سے تحصیل پنڈیالئی میں عیدالفطر کے روز سے عید ملن والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایجنسی کے مختلف علاقوں سے والی بال کے دس ٹیموں نے حصہ لیا۔سینکڑوں شائقین اور تماشائیوں کے موجودگی میں تین روززبردست مقابلے ہوئے۔ جس میں برہان خیل کلب اور عیسیٰ خیل کلب نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
گزشتہ روز ٹورنامنٹ کا فائنل پنڈیالئی میں کھیلا گیا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد عیسیٰ خیل کلب نے مد مقبل برہان خیل کلب کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ اس موقعہ پر ایجنسی سپورٹس منیجر سعید اختر اورٹورنامنٹ منتظمین نے فاتح اور رنر اپ کپتانوں میں ٹرافیاں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔