پنڈیالی (جیوڈیسک) مہمند ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی مواد سے ٹکرا گئی ، واقعہ میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔
تحصیل پنڈیالی میں شر پسندوں نے ایک اسکول کو دھماکے سے تباہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحصیل پنڈیالی کے علاقہ اتمان زئی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 4 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے اور 2 زخمی ہو گئے ہیں۔
زخمیوں کو قریب ہی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پنڈیالی میں ہی شر پسندوں نے گورنمنٹ مڈل اسکول کی عمارت کے ساتھ بم نصب کر رکھا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے سے اسکول کے دو کمرے تباہ ہوگئے۔
واقعے کے بعد مہمند ایجنسی میں شہر پسندوں کے ہاتھوں تباہ کئے جانے والے اسکولوں کی تعداد 126 ہوگئی ہے۔ پنڈیالی میں امن کمیٹی کے ممبر ملک عالم شیر کے گھر کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔