مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی، ہیڈ کوارٹر غلنئی میں جدید جنگی تربیت حاصل کرنے والی لیویز فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ۔ 83 نئے جوانوں نے پاک آرمی اور فرنٹیئر کور کے انسٹرکٹرز سے تربیت مکمل کی۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹس حسیب الرحمن خلیل اور پیر عبداللہ شاہ نے حلف اور سلامی لی۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز مہمند ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر غلنئی میں مہمند لیویز فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ جس میں مہمان خصوصی اے پی اے ہیڈ کوارٹر اور ڈپٹی کمانڈنٹ مہمند لویز فورس حسیب الرحمن خلیل ، اے پی اے پیر عبداللہ شاہ ، تحصیلدار معراج خان اور صوبیدار میجر کریم خان نے پاک آرمی اور فرنٹیئر کور کے انسٹرکٹرز سے 3 ماہ کی جدید تربیت مکمل کرنے والے 83 ریکروٹس سے حلف اور سلامی لی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی کمانڈ صوبیدار میجر مراد خان اور کمپنیوں کی کمانڈ صوبیدار سردار حسین، صوبیدار لیاقت خان اور حولدار کبیر خان نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان خصوصی اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ حسیب الرحمن خلیل اور اے پی اے بائیزئی پیر عبداللہ شاہ نے کہا کہ مہمند لیویز فورس تربیت، نئے اسلحہ اور کمینونیکیشن نظام سے لیس کر کے جدید خطوط پر استوار کر دیا ہے۔
مہمند ایجنسی میں قیام امن کیلئے لیویز فورس نے جانی قربانیاں دیکر اپنی مٹی اور قوم کی حفاظت کی ہے۔ انہوں نے تربیت لینے والے ریکروٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔ اور انہیں یقین دلایا کہ ایک مکمل فورس کی طرح حکومت لیویز فورس کو بھی یکساں مراعات اور تنخواہیں دے گی۔
انہوں نے لیویز اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اس مشکل اور حساس وقت میں ملک و قوم کی حفاظت کے خاطر جانی و مالی قربانیوں سے روگردانی نہ کریں۔ کیونکہ مشکل دور کی خدمات اور قربانیاں لازوال اور تاریخ کا حصہ بن جاتی ہے۔