مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی، جشن آزادی میلہ جاندار طریقے سے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔ حلیمزئی، یکہ غنڈ اور خویزئی میں سپورٹس ٹورنامنٹس میں دلچسپ مقابلے ہورہے ہیں مہمند ایجنسی کے عوام اور جوان مثبت سرگرمیوں کی شکل میں جشن آزادی ہفتہ جوش وجذبے سے منا رہے ہیں۔
14 اگست کے روز مرکزی تقریب میں انعامات دئیے جائینگے۔ پا ک افغان سرحدی دیہات سمیت دور دراز پسماندہ علاقوں میں تعلیم وصحت ، آبنوشی و آبپاشی سمیت لنک روڈز کے متعدد منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ماربل صنعت اور تجارت کو ترقی دے کر بے روزگاری کا خاتمہ دیا جائیگا۔
ان خیلات کا اظہار مہمند ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ محمود اسلم وزیر نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مہمند ایجنسی کے عوام بالخصوص نوجوان جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر جشن آزادی ہفتہ منا رہے ہیں۔
جوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے پولیٹیکل انتظامیہ اور ایجنسی سپورٹس اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اور سیکورٹی فورسز کی مدد و تعاون سے تحصیل حلیمزئی میں آل ایجنسی ہارڈبال کرکٹ ٹورنامنٹ شگئی گراؤنڈ میں اور والی بال بین الایجنسی ٹورنا منٹ غلنئی سپورٹس سٹیڈیم اور تحصیل یکہ غنڈ میں فٹ بال اور بیڈمنٹن مقابلے ہورہے ہیں۔
اسی طرح روایتی نشانہ بازی کا مقابلہ خویزئی میں منعقد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر نو اور تیز تر ترقی کے لئے کھیل کھود اور طلبا کے درمیان تعلیمی مقابلوں کا رجحان اجاگر کرنا بہت ضروری ہے۔
اس لئے عوام کے تعاون سے امسال یوم آزادی زیادہ پر جوش اور پروقار طریقے سے منایا جارہا ہے۔ مرکزی تقریب میں کھیل، تعلیم، جھنڈوں سے سجاوٹ، سٹالز اور دیگر کیٹیگریز میں نمایاں کارکردی دکھانے والوں انعامات اور توصیفی اسناد دئیے جائنگے۔