مہمند ایجنسی (جیوڈیسک) مہمندایجنسی کی تحصیل صافی خانقاہ ماربل پہاڑمیں کان بیٹھنے سے 17 مزدور و ڈرائیور 2 گاڑیوں سمیت ملبے تلے دب گئے جس کے نتیجے میں 10 مزدور جاں بحق جب کہ 7 تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
خانقاہ ماربل پہاڑ پر گزشتہ روز شام کے وقت پتھرلوڈ نگ کے دوران کان کا ایک بڑااوپری حصہ اچانک بیٹھ گیاجس کے ملبے تلے تقریباً 17 مزدور، ڈرائیوراور 2مال بردارٹرک دب گئے۔ صافی کے پولیٹیکل تحصیل دار معراج خان کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے کا کام مقامی افراد اورماربل مائنزکی مشینری کے ذریعے شروع کردیا گیاہے جب کہ 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
معراج خان نے بتایاکہ واقعے میں صدیق اللہ ولد امیرزادہ، وحیدگل ولداول دین، شاکرولد حبیب اللہ، محمدولی ولد عمردین، شیرزمان ولدتورک، حضرت سیدولد اول دین، نصیب گل ولدشاد محمداور ڈرائیورز وکنڈکٹرز ظہورولد نورزمین، طیب ولدبلال اور ابرارخان جاں بحق ہوئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق اب کسی کے زندہ بچ جانے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔