مہمند ایجنسی (جیوڈیسک) مہمند ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی، آئی ایس پی آر کے مطابق ایک خود کش بمبار نے خود کو اڑا لیا جبکہ دوسرے بمبار کو گولی مار دی گئی۔
سرکاری ذرائع نے حملے میں 3 لیویز اہلکاروں سمیت 4 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ افغانستان سے آئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسی کی اطلاع پر مہمند ایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر پر حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
خفیہ اطلاع کے مطابق دو خودکش حملہ آور افغانستان سے مہمند ایجنسی میں داخل ہوئے ، ایک خود کش بمبار نے خود کو پولیٹیکل ایجنٹ کے دفترکے باہر اڑا لیا جبکہ دوسرے بمبار کو گولی مار دی گئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حملے میں تین لیویز اہلکاروں سمیت چار افراد شہید ہوئے ، حملے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں پشاور منتقل کر دیا گیا۔
گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے مہمند ایجنسی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی دہشتگردی کے خلاف قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، پوری قوم دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرُعزم ہے۔