مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی، ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک افغان سرحد پر ٹور ڈی مہمند سائیکل ریس کا انعقاد۔ چاروں صوبوں اور نیشنل لیول کے مختلف ٹیموں کے 56 سائیکلیسٹ نے آٹا بازار سے پاک افغان بارڈر تک دو طرفہ 66 کلومیٹر ریس میں حصہ لیا۔ پاکستان واپڈا کے محمد صابر نے اول جبکہ سوئی گیس کے محمد اویس خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر، ونگ کمانڈر ز فیصل رانا ، امتیاز خان، پاکستان سائیکل فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ اور دیگر نے انعامات تقسیم کئے۔ پاک افغان سرحد پر نیشنل لیول کے سائیکل ریس کا کامیاب انعقاد اور قبائلیوں کا استقبال ساری دنیا کیلئے امن کا پیغام ہے۔ مہمند ایجنسی کے ساتھ لگنے والی افغان بارڈر گرسل گیٹ کو تجارتی مقصد کیلئے کھول دیا جائے۔ فورسز انتظامیہ اور عوام ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں۔ تقریب سے مقررین کا خطاب۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز مہمند ایجنسی سرحدی دیہات بائیزئی سب ڈویژن میں ایجنسی اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک افغان سرحد پر نیشنل لیول کا دوسرا ٹور ڈی مہمند سائیکل ریس کا انعقاد ہوا۔ جسمیں صوبہ پنجاب، صوبہ سندھ، صوبہ بلوچستان اور ملک بھر کے مختلف شہروں اور محکموں کے 56 سائیکلیسٹوں نے حصہ لیا۔ ریس آٹا بازار سے پی اے مہمند محمود اسلم وزیر، ونگ کمانڈرز لیفٹیننٹ کرنل فیصل اظہر رانا، لیفٹیننٹ کرنل امتیاز خان اور اے پی ایز نے سٹارٹنگ پوائنٹ سے روانہ کیا۔ راستے میں پاک افغان سرحد گرسل گیٹ تک سینکڑوں قبائلی عمائدین، سکول کے بچوں اور قبائلی عوام نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور ان پر گل پاشی کی۔
جبکہ مختلف اقوام کے مشران نے جگہ جگہ محرابی دروازے بنا کر مشروبات کی سبیلیں لگائی تھی۔ جبکہ پاک افغان سرحد گرسل گیٹ پر تعینات سیکورٹی فورسز نے سائیکلیسٹوں اور مہمانوں کا بھر پور طریقے سے استقبال کیا۔ اور سرحد کی تزئین و آرائش کی تھی۔ 66 کلومیٹر ریس کا اختتام ایک گھنٹہ تیرہ منٹ بعد آٹا سپورٹس گراؤنڈ پر ہوا۔ فنش لائن سب سے پہلے واپڈا لاہور کے محمد صابر نے غبور کر کے ریس جیت لی، دوسرے نمبر پر فسٹ ٹور ڈی مہمند کے فاتح سوئی گیس ٹیم کے محمد اویس آئے جبکہ بلوچستان کے ضمیر احمد اوردیگر ٹیموں کے نجیب اللہ، علاوالدین (سندھ)، ذیشان خان، نعمت علی، امیر اللہ، محسن خان اور فیروز خان نے بالترتیب دسویں تک پوزیشن حاصل کی۔ آٹا سپورٹس سٹیڈیم میں تقریب تقسیم انعامات کی ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جسمیں خویزئی بائیزئی کے عمائدین سمیت سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔
جس سے خطاب کر تے ہوئے پاکستان سائیکل فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سید اظہر علی شاہ، پنجاب سائیکل فیڈریشن کے صدر شہزادہ بٹ، خیبر پختونخواہ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد اور دیگر مہمانوں نے مہمند قبائل کی مہمان نوازی اور سائیکل ریس میں بھر پور دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور پاک افغان سرحد پر ریس کا انعقاد ایک اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کی اکہ مہمند ایجنسی کا پاک افغان سرحد آنے جانے اور تجارتی مقاصد کیلئے جلد کھول دیا جائے۔ پروگرام کے میزبان پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر نے پاک افغان سرحد گرسل گیٹ پر میڈیا سے گفتگو اور تقریب انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا بالخصوص مہمند ایجنسی اور بائیزئی سب ڈویژن امن بحالی کا مثال بن چکا ہے۔ اور پاک افغان سرحدی علاقہ میں گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا کے ہدایات پر ٹور ڈی مہمند نیشنل لیول کے سائیکل ریس کا کامیاب انعقاد ملک کے جنگ زدہ لوگوں اور ساری دنیا کیلئے امن کا ایک پیغام ہے۔
پاک افغان سرحد پر تاریخ میں پہلی مرتبہ اس ریس کا انعقاد یہاں کے عوام کیلئے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد گرسل کھولنے کیلئے گورنر خیبر پختونخواہ اور سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام کی مشاورت جاری ہے۔ اور عوام جلد خوشخبری سنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں امن کی بحالی کیلئے سیکورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ اور یہاں کے عوام غیرتمند ، امن پسند اور رسم و رواج سے واقف اور مہمان نواز لوگ ہیں۔ اور امن بحال رکھنے کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ ہیں۔ قبائل مزید بھی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں حکومت تعمیر و ترقی کے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔ جسمیں بتدریج اضافہ کیا جائیگا۔ تقریب کے آخر میں پی اے مہمند محمود اسلم وزیر، مہمند رائفلز 201 ونگ کمانڈر امتیاز خان، 204 ونگ کمانڈر فیصل اظہر رانا، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹس پیر عبداللہ شاہ، حسیب الرحمن خلیل ،نوید اکبر اور ایجنسی سپورٹس منیجر سعید اختر نے کھلاڑیوں اور مہمانوں میں ٹرافیاں ، شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔