مہمند ایجنسی ( سعیدبادشاہ سے ) مہمند ایجنسی، غلنئی میں نیشنل بینک کا برانچ قائم کر دیا گیا۔ پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر اور این بی پی کے پی کے و فاٹا کی ریجنل ہیڈ صائمہ رحیم نے ایگریمنٹ پر دستخط کر دیئے۔ غلنئی میں نیشنل بینک اسلامک برانچ دو ماہ میں مکمل کر کے سرکاری ملازمین، پینشنیئرز اور کاروباری حضرات کی خدمت کیلئے کمر بستہ ہوگی۔ بینک کے قیام سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا۔ بلاسود قرضے بھی جاری ہونگے۔ پی اے مہمند محمود اسلم وزیر اور ریجنل ہیڈ صائمہ رحیم کی صحافیوں کو بریفنگ ۔
تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں نیشنل بینک اسلامک بینکنگ برانچ کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اس حوالے سے منگل کے روز نیشنل بینک کے اعلیٰ حکام نے ہیڈ کوارٹر غلنئی کا دورہ کر کے پہلے سے تیار بلڈنگ کا جائزہ لیا۔ پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر اور نیشنل بینک کی ریجنل ہیڈ برائے خیبر پختونخواہ و فاٹا صائمہ رحیم نے ایگریمنٹ پر باقاعدہ دستخط کر کے دستاویزات ایک دوسرے کے حوالے کر دیئے۔ اس موقعہ پر اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ حسیب الرحمن خلیل، نیشنل بینک کے اسسٹنٹ پریزیڈنٹ عبدالمتین اور بزنس منیجمنٹ آفیسر طارق محمود خٹک بھی موجود تھے۔ بعد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پی اے مہمند محمود اسلم وزیر اور این بی پی ریجنل ڈائریکٹرمیڈم صائمہ نے بتایا کہ مہمند ایجنسی میں نیشنل بینک کے اسلامی برانچ کے قیام سے عوام اور کاروباری حضرات کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا۔
چونکہ بینک کیلئے بلڈنگ پہلے ہی سے موجود ہے اس لئے دو ماہ کے مختصر عرصے میں باقاعدہ بینکنگ شروع ہو جائیگی۔ آن لائن اور اے ٹی ایم سسٹم کا حامل بینک سرکاری ملازمین اور پینشنیئرز کو بروقت ادائیگی کے ساتھ کاروباری حضرات کو بہترین سروسز اور غریب لوگوں کو روزگار کیلئے آسان شرائط پر بلا سود قرضے فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بینک سے منسلک اے ٹی ایم مشین یکہ غنڈ اور میاں منڈی میں بھی لگائی جائیگی۔