آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن (ایپمیا) سمیت فاٹا اور خیبر پختونخواہ کے کاروباری اور تجارتی حلقوں نے فاٹامیں قائم ہونیوالی پہلی انڈسٹریل اسٹیٹ مہمند ماربل سٹی پر تیزی سے کام مکمل کرنے اور اسے فورا شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ فاٹا کے ماربل سیکٹر کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جاسکے.
گورنر خیبر پختونخواہ کی خصوصی دلچسپی سے پاکستان اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک)، فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی(فاٹا ڈی اے)، ٹیسکو اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان متعدد اجلاس کے بعد قلیل عرصہ کے دوران مہمند ماربل سٹی کا 80 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
ماربل کے شعبے سے وابستہ ایسوسی ایشن نے توقع ظاہر کی کہ مہمند ماربل سٹی کے قیام سے مہمند، باجوڑ اور خیر ایجنسیوں سمیت پشاور کے مضافاتی علاقوں کے عوام کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ اس کے علاوہ فاٹا سے براہ راست ماربل کی برآمدات شروع کی جاسکیں گی۔ جس سے کثیر غیر ملکی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔