مہمند ایجنسی ( سعیدبادشاہ سے) مہمند سیاسی اتحاد نے رمضان المبارک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا ۔
شدید گرمی میں پانی اور برف کی قلت پیدا ہوئی تو عوامی ہجوم سڑکوں پر ہوگا۔ تحصیل صافی روڈ کو بھی جلد مکمل کر کے مزید صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ اجلاس سے مقررین کا خطاب۔
تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی سیاسی اتحاد کا ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز ہیڈ کوارٹر غلنئی میں زیر صدارت صدر سیاسی اتحاد ڈاکٹر فاروق افضل( پی پی پی) منعقد ہوا۔ جسمیں جنرل سیکرٹری سیاسی اتحاد ساجدخان مہمند (پی ٹی آئی) ، مولانا محمد عارف حقانی جے یو آئی، ملک عظمت خان پی ایم ایل کیو، حضرت خان مہمند اے این پی، مولانا مسیح اللہ جماعت اسلامی، پرویز خان مسلم لیگ ن ، فضل ہادی خان پی پی پی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مقررین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واپڈا مہمند ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک میں کارخانوں کے بجلی کاٹ کر گھریلوں صارفین کو زیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کی جائے۔
اور مہمند ایجنسی کے تمام تحصیلوں میں سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر کے واضح ٹائم ٹیبل اعلان کیا جائے۔ کیونکہ شدید گرمی میں پانی اور برف کا بحران پیدا ہوا تو مشتعل روزہ دار سڑکوں پر نکل آئینگے۔ اجلاس میں تحصیل صافی میں دو سال سے ویران مہمند باجوڑ روڈ پر فوری کام شروع کرنے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہمند سیاسی اتحاد (ایم ایس آئی) کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہونگے جسمیں عوامی مسائل کو اُجاگر کر کے اعلیٰ حکام سے حل کرنے کی اپیل کی جائیگی اور حل کیلئے تجاویز بھی دیئے جائینگے۔