مہمند : مہمند، صوبائی حکومت کے ہدایت پر ضلع مہمند میں کھلی کچہری کا اہتمام۔ علاقے کے لوگوں نے مسائل کے انبار لگا دیئے۔ ڈی سی مہمند نے بعض مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کے ہدایت پر ضلع مہمند کے مقامی انتظامیہ نے تحصیل حلیمزئی چاندہ ڈگری کالج کی عمارت میں کھلی کچہری کا اہتمام کیا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر افتخار عالم، اے ڈی سی سید سیف الاسلام، اے سی وسیم اختر، تحصیلدار غنچہ گل، تمام محکمہ جات کے نمائندوں اور مقامی عمائدین اور لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے بنیادی مسائل صحت، تعلیم، مواصلات، پانی، مہنگائی اور بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل کے انبار لگا دیئے۔
ڈی سی مہمند افتخار عالم نے بعض مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے اور بعض مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت سے فوری طور پر رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ کیونکہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ عام لوگوں کی آواز حکومتی نمائندوں کو با آسانی پہنچ سکے۔