نیویارک (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کل سوموار کےروز ایران پر مزید طاقت ور اقتصادی پابندیاں عاید کی جائیں گی۔ انہوں نے ایران پر پابندیوں سے متعلق بیان دینے سے چند گھنٹے قبل کہا تھا کہ اگر ایرانی اپنے ایٹمی پروگرام سے دست بردار ہوجاتےہیں تو وہ امریکا کے بہترین دوست بن سکتےہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے ‘ٹویٹر’ پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں لکھا کہ سوموار کو ایران پر نئی اور طاقت ور پابندیاں عاید کی جائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سابق صدر باراک اوباما کےدور میں ایران نے جوہری ہتھیاروںکے حصول کی طرف سفر جاری رکھا۔ ہم نے ایران پر دوبارہ اقتصادی پابندیاں عاید کرکےایران کو اس کے جوہری پروگرام سے روک دیا۔ سوموار کے روز ایران پر مزید طاقت ور پابندیاں عاید کی جائیں گی۔
قبل ازیں ہفتے کے روز صدر ٹرمپ نے ایران پر نئی پابندیاں عاید کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا آپشن اب بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں تہران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری یا ان کے حصول سے روک دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے پر مشاورت کے لیے کیمپ ڈیوڈ جائیں گے۔