روپے کے مقابل ڈالر کی قدر گزشتہ ہفتے 10 پیسے بڑھ گئی

Currency

Currency

کراچی (جیوڈیسک) مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ہفتہ کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ روپے کے مقابلے یورو کی قدر میں اضافے کارحجان دیکھا گیا۔

گزشتہ پیر تا ہفتہ کے دوران مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر 10پیسے مہنگا ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 104.40 روپے اور قیمت فروخت 104.60 روپے پر برقرار رہی۔ اسی طرح برطانوی پاؤنڈکی قیمت خرید 159 روپے اور قیمت فروخت 160 روپے کی سطح پر مستحکم دیکھی گئی جبکہ یورو کی قدر 20 پیسے بڑھ گئی جس سے یورو کی قیمت خرید 117.60 روپے سے بڑھ کر 117.80 روپے اور قیمت فروخت 118.60 روپے سے بڑھ کر 118.80 روپے ہوگئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روپے کے مقابلے سعودی ریال کی قیمت فروخت 27.70 روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 28.50 روپے کی سطح پر بدستور مستحکم رہی۔دوسری جانب پیر تاجمعہ کے 5 کاروباری دنوں کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 5 پیسے گھٹ گئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپیہ 10 پیسے کم ہو گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی مدت کے دوران روپے کے مقابلے یورو کی قدر1روپیہ 30 پیسے بڑھ گئی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں بھی1روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔