پیسہ ملکی صنعت کو سستی توانائی فراہم کرنے اور تعلیمی امور کو بہتر بنانے کیلئے صرف کرنا چاہئے

راولپنڈی: میٹرو بس سروس ملکی مسائل کا حل نہیں یہی پیسہ ملکی صنعت کو سستی توانائی فراہم کرنے اور تعلیمی امور کو بہتر بنانے کیلئے صرف کرنا چاہئے ان خیالات کا اظہار رہنما تحریک انصاف و نائب صدرانصاف یوتھ ونگ شمالی پنجاب راجہ یاسر سرفراز نے صحافیوںسے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاہے کہ ن لیگ ہمیشہ سے نمودونمائش کے منصوبے بنا کر عوام کو گمراہ کرتی چلی آرہی ہے جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے منصوبے عمل میں لائے جائیں جن کے دوررس نتائج برآمد ہوں ان سے کوئی سیاسی فائدہ ہو یا نہ ہو ہمیں اپنے تمام تر وسائل کوصنعتی ترقی اور ہنر مند لیبر کی تیاری اور تعلیم پر صرف کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ سستی توانائی بنیادی اہمیت کی حامل ہے جس کی مثال ہمسایہ ملک چین سے ملتی ہے جنہوں نے اپنی صنعت کو ابتدائی طور پر سستی بجلی فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ صنعت کی دوسری اہم ضرورت ہنر مند لیبر ہے جسکی تیاری طویل عرصہ کی جدوجہد کے بعد ہی ممکن ہے اور اس کیلئے اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاکر تعلیمی انقلاب برپا کرنا ہوگاانہوں نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں میں بھارت کی ترقی کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ بھارت میں لاکھوں کی تعداد میں پڑھے لکھے انجینئر موجود تھے انہوں نے کہا کہ لارڈ میکالے کے تخلیق کردہ دوہرے نظام تعلیم نے آج تک ہماری قوم کو دو حصوں میں بانٹ رکھا ہے جس سے امیر طبقہ سے تعلق رکھنے والے آج بھی حکمران اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے آج بھی رنگروٹ بنتے جا رہے ہیں تاہم ہمیں اس دوہرے نظام تعلیم سے جان چھڑوا کر آنے والی نسلوں کو یکساں نظام تعلیم فراہم کرنا ہو گا انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قرضہ لیکر میٹروبس چلانے سے عوام کی آنکھوںمیں ترقی کے نام پر دھول تو جھونکی جاسکتی ہے جبکہ حقیقی ترقی ممکن نہیں یہ کام اس وقت کیا جاسکتا جب ملکی آمدنی بے پناہ ہو اور عوام کی بنیادی ضروریات پوری ہو رہی ہوں۔