منی لانڈرنگ کیس: نیب نے شہباز شریف فیملی کے اثاثے قرق کر لیے

 Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) نیب نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی فیملی کے اثاثے قرق کر لیے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں شہباز شریف کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت کمرہ عدالت میں شور شرابے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ شہباز شریف سے ملاقات کرنے آئے ہیں، وہ باہر چلے جائیں، آپ لوگوں کے شور سے سماعت میں مشکل آرہی ہے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ ایک ایک سوال ملین ڈالر کا ہے، اگر آپ لوگوں نے شور کرنا ہے تو جرح کیسے ہوگی، اگر آپ باز نہیں آئیں گے تو میں اٹھ کر چلا جاؤں گا۔

دورانِ سماعت ڈی جی نیب لاہور نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ نیب نے شہبازشریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹا سلیمان شہباز، صاحبزادی رابعہ عمران اور داماد ہارون یوسف کے اثاثے بھی قرق کرلیے۔

دوسری جانب عدالت میں شہبازشریف نے حکومت پراپنی میڈیکل رپورٹس 15 دن تک چھپائے رکھنے کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی میڈیکل رپورٹس تشویش ناک ہیں، پیشی سے قبل خانہ پُری کے لیے گزشتہ روز ڈاکٹروں کا بورڈ آیا جس میں کینسر کے ڈاکٹر شامل نہیں تھے۔

شہباز شریف نے میڈیکل بورڈ میں 20 سال سے ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹر شامل کرنے کی درخواست جس پر عدالت نے تحریری درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی۔