لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 3 ہفتے کی توسیع کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
کورونا کے شکار سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو ڈاکٹروں نے مزید 3 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ انہوں نے عدالت میں حاضری سے معافی کے لیے بھی متفرق درخواست دائر کی ہے۔
شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں مزید 3 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی درخواست کے ساتھ ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عبوری ضمانت میں 3 ہفتے توسیع کی جائے اور ضمانتی مچلکوں پر دستخط کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔
شہباز شریف کی درخواست پر جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ آج سماعت کرے گا۔