منی لانڈرنگ کے الزامات جھوٹے، جلد ختم ہو جائیں گے: الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت میں توسیع کے بعد لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ان پر منی لانڈرنگ کے الزامات جھوٹے ہیں اور یہ جلد ہی ختم ہو جائیں گے۔

برطانوی حکام سے درخواست ہے کہ تحقیقات جلد مکمل کرلی جائیں۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بعد برطانیہ میں بھی ان کے خلاف سازش کی گئی لیکن دشمنوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ وہ کارکنوں کی دعاؤں سے میٹرو پولیٹن پولیس کے پاس سے واپس آ گئے۔

ساتھی پریشان نہ ہوں، وہ پھر لے جائیں گے اور وہ پھر واپس آ جائیں گے۔ ان کی طرح این اے 246 کی سیٹ بھی واپس آ جائے گی۔ ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ ان کی رہائی پر کچھ تجزیہ کار ماتم کرتے رہ گئے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران فاروق قتل کیس میں سکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات پُراعتماد ہے۔ ان کی دعا ہے کہ قاتل پکڑے جائیں۔ کیس کی تحقیقات جاری ہیں اس لئے اس پر مزید بات نہیں کر سکتا۔ واضع رہے کہ اس سے قبل منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین کی جولائی تک ضمانت میں توسیع کر دی گئی ہے۔

متحدہ کے قائد تفتیش کے سلسلے میں سینٹرل لندن کے پولیس سٹیشن میں پیش ہوئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے الطاف حسین سے 5 گھنٹے سے زائد وقت تک پوچھ گچھ کی گئی۔

پولیس نے الطاف حسین کے ساتھ جارحانہ رویہ اختیار نہیں کیا جبکہ الطاف حسین نے بھی تفتیش کے دوران بھرپور تعاون کیا اور پورا انٹرویو انتہائی اطمینان سے دیا۔