واشنگٹن (جیوڈیسک) واشنگٹن جاپان کے سب سے بڑے بینک پر منی لانڈرنگ کے جرم میں 25 کروڑ ڈالر جرمانہ عائد، بینک آف ٹوکیو کا موقف ہے کہ امریکی حکام کو رضاکارانہ طور پر غیر قانونی لین دین کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔
نیویارک ریاست کے مالی ضابطوں کے منتظمین نے جاپان کے سب سے بڑے بینک پر منی لانڈرنگ کے جرم میں 25 کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بینک پر الزام تھا کہ اس نے ایران، سوڈان اور میانمار کو امریکی اکائونٹس کے ذریعے رقوم کی ترسیل کی سہولت دی حالانکہ امریکہ نے اِن تینوں ممالک سے کاروباری لین دین پر بندش عائد کر رکھی تھی۔
نیویارک کے عہدے داروں نے بتایا کہ بینک آف ٹوکیو مٹسوبشی نے 2002 سے 2007 کے درمیان اپنی نیویارک کی اپنی شاخوں سے 100 ارب ڈالر مالیت پر مبنی 28000 ادائیگیوں کی راہ ہموار کی۔ ضابطہ کاروں کا کہنا ہے کہ رقوم کی لین دین کرنے والے کارکنوں کو بینک کی طرف سے ہدایات یہ تھیں کہ اس اطلاع کو نظر انداز کیا جائے جِس سے یہ پتا چلتا کہ یہ لین دین ایک دشمن ملک کے ساتھ کی جا رہی ہے۔
قبل ازیں، اسی مقدمے میں بینک نے امریکی حکام کو 86 لاکھ ڈالر کا جرمانہ ادا کیا تھا۔ تاہم بینک کا کہنا تھا کہ اس کی طرف سے امریکی حکام کو رضا کارانہ طور پر غیر قانونی لین دین کے بارے میں چوکنہ کیا گیا تھا اور یہ کہ تب سے بینک اپنے داخلی کنٹرول کے طریقہ کار میں بہتری لانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔