لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اس لیے انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
شہبازشریف نے وکیل امجد پرویز کے ذریعے عدالت سے استدعا کی کہ اہلخانہ کو ابتدائی مراحل میں طلب نہ کیا جائے اس پر فاضل جج نےکہا کہ قانون کے مطابق شریک ملزمان کو پیش ہونا ہے۔
عدالت نے ریفرنس میں پیش نہ ہونے پر شہبازشریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔
عدالت میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ میں ہوش حواس میں پنجاب کی حکومت کرتا رہا ہوں لیکن موجودہ حکومت کو انتقام کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا، یہ صرف دن رات انتقام ہی لے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ اس حکومت کے ظلم کا شکار ہوا ہے، اللہ تعالی حمزہ شہباز سمیت کورونا کے تمام مریضوں کو صحت دے۔