اٹک(جیوڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہنون لیگ کا مقابلہ جنون سے ہے، پیسے اور جنون کی جنگ میں جنون ہی جیتتا ہے، 11 مئی کو بلے سے سرکس کے شیروں کی خیر نہیں،پاکستان میں دنیا کی ہر دولت ہے، معدنیات سے مالا مال ہے۔
بجلی پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے، اپنی بجلی دیگر ملکوں کو بھی برآمد کرسکتے ہیں۔اٹک میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 11 مئی کی شام کے ساتھ پرانی سیاست اور جھوٹ کا سورج غرب ہو جائے گا،ملک میں بہت بڑی تبدیلی آچکی ہے،ہم پاکستان کو اس امریکی جنگ سے چھٹکارا دلوائیں گے۔
اقلیتیں برابر کی پاکستانی ہیں، ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ان کا کہناتھاکہ ہمارے نوجوان روزگار کیلئے کئی کئی سال ملک سے باہر رہتے ہیں ان کے ماں باپ ا نہیں دیکھنے کو ترس جاتے ہیں۔
ایسا نظام لائیں گے کہ لوگ ہمارے ملک میں نوکریاں کرنے آئیں۔عمران خان نے ایک بات پھرنواز شریف کوملکی مسائل پر مناظرے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ خدا کیلئے میاں صاحب ٹیلی ویژن پر میرے ساتھ مناظرہ کریں،ن لیگ پٹواریوں کے ساتھ جلسے کرتی تھی، اب ان سے یہ بھی نہیں ہوتے،مجھے نواز شریف پر ترس اور رحم آتا ہے۔