لاہور (جیوڈیسک) رشوت نہ دینے پر پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر نے پشاور کے غریب ٹرک ڈرائیور کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی تھی۔ جواں سال ڈرائیور عمربھر کے لئے بستر سے جالگا۔ اور اس کی بیوی اور پانچ بچے زمانے کی ٹھوکروں کی زد میں آگئے۔
پشاور کے علاقے متنی سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ نور محمد کے مطابق اس کا قصور بس اتنا تھا کہ اس کی جیب میں پولیس کو رشوت دینے کے لئے ایک ہزار روپے نہیں تھے۔ جس پر پولیس نے مار مار کر اس کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی۔
ناکردہ گناہ کے جرم میں نورمحمدکو عمربھرکی معذوری کاروگ لگ گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق نور محمد کا علاج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ممکن نہیں۔گھر کا واحد کفیل جب خاندان پر بوجھ بن جائے تو اس خاندان پر ٹوٹنے والی قیامت کا اندازہ بس وہی لگا سکتا ہے۔5 بچوں کے باپ نور محمد کے بھائی نے چیف جسٹس، وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب سے متاثرہ خاندان کوانصاف دلانے اور بچوں کی کفالت کرنے کی اپیل کی ہے۔