کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں روپے کی قدر میں استحکام کیلئے وفاقی وزیر خزانہ کی گورنر اسٹیٹ بینک اور نجی بینکوں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی، اسحاق ڈار کہتے ہیں روپے کی قدر پر سٹہ کرنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسٹیٹ بینک کے گورنر یاسین انور اور نجی بینکوں کے سربراہوں سے ملاقات کی۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آئندہ چند دنوں میں 2 ارب ڈالر سے زیادہ ملیں گے۔
تھری جی کی نیلامی سے ایک ارب 20 کروڑ، اتحادی سپورٹ فنڈ سے 80 کروڑ اور اسلامی ترقیاتی بینک سے 13 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں ڈالر کی آمد بہتر ہونے سے روپے کی قدر پر سٹا کھیلنے والے مایوس ہونگے۔
وزیر خزانہ نے دعوی کیا کہ 3 سال میں زرمبادلہ ذخائر 20 ارب ڈالر تک پہنچا دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ دو دن میں برآمد کنندگان نے بینکوں کو 7 کروڑ ڈالر ادا کئے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔ ملاقات میں پاکستان کو درپیش معاشی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔