حصص مارکیٹ اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا شکار

Karachi Stock Exchange

Karachi Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کواتار چڑھاؤ کے بعد ایک بار پھر مندی کے اثرات غالب ہوئے تاہم انڈیکس کی 30400 کی بلند ترین سطح مستحکم رہی۔

مندی کے سبب 47.49 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 5 ارب1 کروڑ 25 لاکھ 16 ہزار236 روپے ڈوب گئے، ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ مختصرالمدت سرمایہ کاری اور وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ رحجان کی وجہ سے مارکیٹ میں کچھ سیشنز کے بعد مندی رونما ہورہی ہے تاہم مثبت معاشی اشاریوں کی وجہ سے مارکیٹ میں استحکام برقرار ہے حالانکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران محدود پیمانے پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 63.27 پوائنٹس کی تیزی رونما ہوئی لیکن بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ بڑھنے سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، میوچل فنڈز اور این بی ایف سیز کی جانب سے مجموعی طور پر 65 لاکھ 91 ہزار 636 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے 36 لاکھ 49 ہزار 512 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے5 لاکھ 96 ہزار 333 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 22 لاکھ 22 ہزار 525 ڈالراور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 1 لاکھ 23 ہزار 266 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

مندی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 11.14 پوائنٹس کی کمی سے 30402.09 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 80.25 پوائنٹس کی کمی سے 49519.88 ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایس ای 30 انڈیکس 1.56 پوائنٹس کے اضافے سے 21181.26 ہوگیا۔

کاروباری حجم پیر کی نسبت 23.54 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 14 کروڑ 80 لاکھ 86 ہزار 830 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 339 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 147 کے بھاؤ میں اضافہ، 161 کے داموں میں کمی اور 31 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں باٹا پاکستان کے بھاؤ 98 روپے بڑھ کر 3348 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ 79.50 روپے بڑھ کر 1730 روپے ہوگئے جبکہ پاکستان ٹوبیکو کے بھاؤ 52.41 روپے کم ہو کر 1100.01 روپے اور شیزان انٹرنیشنل کے بھاؤ 50.63 روپے کم ہو کر 969.37 روپے ہو گئے۔