امریکی (جیوڈیسک) وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ہمارے دوست اور پارٹنرز یہ سمجھیں جو کچھ اب تک ہوا اس میں دوستوں کی عزت اور احترام کا خیال رکھا گیا ہے۔ برازیلیا لائن امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ برازیل اور دیگر اتحادیوں کو امریکا کے جاسوسی اور نگرانی کے پروگرام سے متعلق حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل برازیل کے وزیر خارجہ نے بداعتمادی کے سائے سے خبردار کیا تھا۔ برازیل کے دورے پر برازیلیا پہنچنے والے جان کیری نے اپیل کی کہ برازیل نگرانی اور جاسوسی کے امریکی پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات افشا ہونے کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بڑھتی ہوئی تجارت اور سفارتی و ثقافتی روابط کو متاثر نہ ہونے دے۔
امریکی وزیر خارجہ کے طور پر پہلی مرتبہ برازیل پہنچنے والے جان کیری نے دارالحکومت برازیلیا میں کہا کہ برازیل کو ایک جواب درکار ہے جو اسے دیا جائے گا۔ کیری نے مزید کہا کہ برازیل اور دیگر ممالک کو سمجھایا جائے گا کہ ہم کیا کر رہے ہیں، کیوں اور کیسے کر رہے ہیں۔
اور ہم مل کر کام کریں گے تاکہ ہمارے دوست اور پارٹنرز یہ سمجھ پائیں کہ جو کچھ اب تک ہوا ہے اس میں دوستوں کی عزت اور احترام کا خیال رکھا گیا ہے۔ جان کیری سے ملاقات کے بعد اپنی ایک پریس کانفرنس میں برازیل کے وزیر خارجہ انتونیو پاتریوتا نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ برازیل کو حال ہی میں افشا ہونے والی معلومات کے تناظر میں وضاحت سے بڑھ کر جواب درکار ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سامنے آنے والی خفیہ امریکی دستاویزات سے پتا چلا تھا کہ امریکا متعدد دیگر ممالک کی طرح برازیل کے شہریوں کی بھی ای میلز اور ٹیلی فون کالز کی نگرانی کرتا ہے۔ پاتریوتا کے مطابق ہمیں ایسی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے جن کے ذریعے ملکوں کی خود مختاری، باہمی اعتماد اور شخصی آزادی پر حرف آتا ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ خبریں سامنے آنے کے بعد کہ ہماری الیکٹرانک اور ٹیلی فونک گفتگو کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ہم آج امریکا کے ساتھ تعلقات میں ایک نئے طرز کے چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگر اس چیلنج کو حل نہ کیا گیا تو اس بداعتمادی کے سائے ہمارے روابط پر بھی پڑیں گے۔