لاہور: مون سون کی بڑی بارشوں کے آبی نکاس کے لئے لاہور شہر کے بڑے نالوں کی ڈیسیلٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے ـ24 مئی سے شروع کی گئی گندے نالوں کی صفائی مہم کے تحت چھوٹا راوی ڈرین سے 16 سو ٹن کچرا نکالا جا چکا ہے ـ میڈیاورلڈ لائن کے مطابق یہ بات آج صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کچے راوی روڈ سے لے کر سگیاں پل تک چھوٹے راوی ڈرین کی ڈیسیلٹنگ کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔
ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ڈرینج افتخار الدین نعیم ، ایکسئین ڈرینج نارتھ لاہور عابد رضا اور ایس ڈی او خالد محمود بھی موجود تھے ـ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ راوی ڈرین پر کچڑا نکالنے کے لئے 100 ورکرز ،10 ڈرم ٹرک جبکہ 4 ٹریکٹر مشینیں کام کر رہی ہیں ـ انہوں نے بتایا کہ 24 مئی کو شروع کی گئی مہم کے تحت راوی ڈرین سے اب تک 16 سو ٹن کچرا نکالا جا چکا ہے ـ انہوں نے بتایا کہ عملہ واسا مینوئل اور مشینری کے ساتھ کام کر رہا ہےـ ڈائریکٹر ڈرینج نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ راوی ڈرینج لاہور کے 6 بڑے نالوں میں سے ایک بڑا نالا ہے جس میں پرانے شہر کا بارشی و گندا پانی ، کریم پارک ،ملک پارک ، موہنی روڈ ، گنج کلاں ، ناصر پارک کے علاقوں کا گندا پانی بھی شامل ہے ـ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ نالے میں جگہ نہ ہونے کے باعث نالے میں ٹریکٹر میشنیں اتاری گئیں جس کے ذریعے کچرا ٹیل تک نکالا گیا ہےـاس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مون سون کی بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی سے آبی نکاس بہتر ہو گا اور بارشوں کا پانی شہر میں کھڑا ہونے کی بجائے آسانی سے گزر جائے گا اور اس طرح موسم برسات میں عوام کو ریلیف ملے۔