مون سون بارشیں جولائی کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کاامکان

Monsoon

Monsoon

اسلام آباد (جیوڈیسک) صحرائے تھر اور گردو نواح میں ریت کے طوفان کی وجہ سے نظام زندگی اب بھی مفلوج ہے اور ساتھ ہی لوگوں میں مختلف موسمی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے ملک بھر میں ماہ جولائی کے پہلے ہفتے میں مون سون کی بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔ عمرکوٹ سے چھاچھرو، مٹھی، اسلام کوٹ، بدین اور میرپور خاص کے اضلاع میں گردوغبار کے طوفان کے باعث تجارتی مراکز میں ویرانی چھائی ہوئی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں آشوب چشم ، الرجی اور دمے کے امراض میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سندھ کے دوسرے شہر وں سکھر ، حیدر آباد ، لاڑکانہ ، دادو میں اب بھی گرم ہوائیں چل رہی ہیں اور گرمی کی شدت برقرار ہے۔

بلوچستان کے میدانی علاقوں جعفرآباد، نصیرآباد، اور بولان میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہورہاہے۔ گرمی کے باعث کاروباری مراکز میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثرہوئی ہیں۔ پنجاب میں موسم گرم اور خشک ہے البتہ اور سرحدی علاقوں میں موسم آبر آلود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 2 سے 3 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے رواں مون سون سیزن کے دوران ملک میں غیر متوازن بارشوں کی پیش گوئی جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں زیادہ اورمیدانی علاقوں میں معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے۔