لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زببر حفیظ نے کہا ہے کہ جمعیت اگست کے مہینے میں عزم عالیشان ہمارا پاکستان مہم چلائے گی ، مہم کا مقصدنوجوانوں میں مایوسی کو ختم کرنا اور ان میں حب الوطنی کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے۔
مہم کے دوران ملی نغموں کے مقابلے، تحریک پاکستان پر مبنی ڈاکومنٹریز ، تقاریر کے مقابلے، واکس، مباحثوں اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ذمہ داران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں سبز ہلالی پرچم تلے قوم کے نوجوانوں کو اکٹھا کیا جائے گا اور ان سے ملک کی خدمت کا حلف لیا جائے گا۔
اگست کا مہینہ شور شرابے اور غل غباڑے کے لئے نہیں ہوتا بلکہ یہ تجدید عہد کا مہینہ ہے، آبائو اجداد کی قربانیوں کو یاد کرنے کا مہینہ ہوتا ہے، پاکستان کے نوجوان ہی اس ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں ، قوم کے امیدوں کو محور و مرکز نوجوان ہیں۔ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کو آزادی کے حقیقی مقصد سے روشناس کرنے کے لئے پروگرامز منعقد کرے گی۔