ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران کے ایک رُکن پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے نتیجے میں ایران میں اب تک 4585 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران سے کرونا کی وباء کے مکمل خاتمے کے لیے تین ماہ تک مکمل لاک ڈائون کرنا ہوگا ورنہ یہ وباء ایک مستقل بیماری بن سکتی ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کی سماجی کمیٹی کے سربراہ عبدالرضا عزیزی نے کہا کہ ایران میں کرونا بحران پر قابو پانے کے لیے ہمیں مسلسل تین ماہ تک لاک ڈائون کرنا ہوگا۔
ایران کی ‘ایلنا’ نیوز ایجنسی کے مطابق عزیزی کا کہنا تھا کہ اگر تین ماہ تک ملک میں لاک ڈائون نہ کیا گیا تو کرونا ایران میں ایک مستقل بیماری بن جائے گی۔
ایرانی رکن پارلیمنٹ نے خبردار کیا کہ اگر ملک میں کرونا کی وباء اسی شدت کے ساتھ جاری رہی تو روزانہ ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ فوجی انداز میں لڑنا ہوگی۔ اگر ہم ملک میں مکمل لاک ڈائون نہیں کرتے تو بیماری ختم نہیں ہوگی۔