کراچی (جیوڈیسک) ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس کی سربراہی چیرمین مفتی منیب الرحمان کررہے ہیں۔
ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں واقع محکمہ موسمیات کے دفتر میں جاری ہے جس میں محکمہ موسمیات کے حکام اور ماہرین فلکیات سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام بھی شریک ہیں اس کے علاوہ صوبائی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے بھی اجلاس بھی ان کے متعلقہ مقامات پر جاری ہیں جس میں چاند کی رویت کے حوالے سے ملنے والی شہادتوں کی جانچ پڑتال کے بعد اس کی اطلاع مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو دی جائے گی۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں مطلع صاف ہے تاہم کوئٹہ اور گردونواح میں چاند دیکھے جانے کےامکانات کم ہیں تاہم جیوانی میں غروب آفتاب کے بعد چاند کی عمر 40 منٹ ہوگی اس لیے وہاں چاند دیکھے جانے کے واضح امکانات ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، مشرق بعید، مشرق وسطیٰ اور بیشتر یورپی ممالک میں 24 ستمبر کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔